کھیرا، سلاد کا لازمی جز، جو سال کے بارہ مہینے ہر موسم میں سبزی کی دکان سے باآسانی خریدا جا سکتا ہے۔اگر ہم اسے سبزی کی بجائے پھل کہیں تو کیا غلط ہوگا؟
‘پھل’ کی تعریف ہے کہ پھول سے پیدا ہوتا ہے اور اسی میں پودے کے بیج ہوتے ہیں تو کھیرا اس تعریف پر پورا اترتا ہوا پھل بھی کہلا سکتا ہے۔
اب کھیرا سبزی ہے یا پھل اس بحث سے قطع نظر اگر آپ کھیرا کھانے کے بے انتہا فوائد جان لیں تو کھیرے کو اپنے معمول کا حصہ بنا لیں۔
‘کھیرے سے جسم کے لیے اضافی پانی ملے گا’
یہ بات تو سبھی جانتے ہیں کہ پانی کے بغیر انسان کا گزارہ نہیں ہے۔پانی جسم کی صفائی باہر سے بھی کرتا ہے اور اندر سے بھی۔یہ ضروری غذائی اجزا کی ترسیل پورے جسم میں کرتا ہے اور جلد اور جسم کو خشک ہونے سے بچاتا ہے۔سب سے بڑھ کر یہ جسم کے درجہ حرارت کو توازن یعنی 98.6 ڈگری پر برقرار رکھتا ہے۔
اکثر لوگ یہ نہیں جانتے کہ انسان جسم کے لیے 40 فیصد پانی غذا سے حاصل کرتا ہے۔جسم کو پانی فراہم کرنے والی غذاؤں میں کھیرا سرفہرست ہے۔
کھیرا 95 فیصد پانی پر مشتمل ہے اس لیے سمجھ لیں کہ آپ کھیرا بیک وقت کھاتے بھی ہیں اور پیتے بھی ہیں۔
‘کھیرے سے تمام غذائی اجزا مل سکتے ہیں’
کھیرے میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں۔ ایک درمیانے سائز کے کھیرے میں 17-15 کیلوریز ہوتی ہیں۔کیلوریز بے شک کم ہیں لیکن جتنی بھی ہیں ان میں بھرپور فائبر، کاربس، پروٹین، وٹامن سی، کے اور بی، پوٹاشیم، میگنیز،آئرن، زنک رائیبو فلوین اور میگنیشیم موجود ہیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ یہ تمام غذائی اجزا ایک کھیرے سے وصول کر سکیں تو پھر اس کا چھلکا مت اتاریں۔کھیرے کے کئی غذائی اجزا خصوصاً فائبر اس کے چھلکے میں ہوتا ہے۔
‘کھیرا بھوک کا احساس مٹاتا ہے’
کھیرے کو بھوک کا احساس فوری طور پر مٹانے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔
کھیرے میں جسم سے فاضل مادے خارج کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے اور ساتھ ہی یہ جسم میں الیکٹرولائٹس کا توزان برقرار رکھتا ہے۔
‘کھیرا وزن گھٹاتا ہے’
کم کیلوریز ہونے کے باوجود زیادہ غذائی اجزا اور پانی کی وجہ سے کھیرا بھوک کا احساس مٹاتا ہے اور آپ اپنا پیٹ بھرا ہوا محسوس کرتے ہیں۔
تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ اضافی پانی والی سبزیاں ہوں یا پھل ، وزن کم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ایک یونی ورسٹی کی تحقیق کے مطابق پانی پینے سے کیلوریز جلانے میں بہت مدد ملتی ہے۔
اس لیے مشورہ یہ ہے کہ کھانا کم کھائیں اور کھیرے زیادہ، وزن کم کرنے میں آسانی رہے گی۔
‘کھیرے سے سانس میں تازگی بھرا احساس پیدا ہوگا’
کھیرا قدرتی طور پر سانس میں تازگی پیدا کرتا ہے۔کھیرے میں فائٹو کیمیکلز کی موجودگی کھیرے کو لمبے عرصے تک سڑنے سے بچاتی ہے۔اور یہی خوبی وجہ بنتی ہے منہ میں بدبو پیدا کرنے والے جراثیم کو ختم کرنے کی۔
طریقہ بہت آسان ہے،کھیرے کا ایک باریک کٹا ہوا سلائس منہ میں تالو کے ساتھ 30 سیکنڈ کے لیے چپکائے رکھیں۔اس سے نا صرف بیکٹیریا کا خاتمہ ہوگا بلکہ منہ میں تازگی کا احساس بھی پیدا ہوگا۔
‘کھیرا خون میں شوگر کی سطح کم کرتا ہے’
کھیرے میں وٹامن سی، بیٹا کیروٹین اور میگنیز سمیت کئی اور طرح کے اینٹی آکسی ڈینٹس بھی ہوتے ہیں۔ یہ پولی فینولس خون میں خراب کولیسٹرول اور شوگر کی سطح کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔
دوائیوں کی آن لائن معلومات فراہم کرنے والےامریکی ویب سائٹ ویب ایم ڈی کے مطابق کھیرے میں پائے جانے والے پولی فینولس بالکل اسی طرح کام کرتے ہیں جیسے ذیابیطس کی دوائیں کام کرتی ہیں۔یہ نہ صرف شوگر کی سطح کو نیچے لانے میں معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ ذیابیطس سے بچاؤ میں بھی مدد دیتا ہے۔
‘کھیرا ذہنی دباؤ کم کرنے میں مدد کرسکتا ہے’
کھیرے میں پائے جانے والے کئی وٹامن جیسے B1،B5،B7 ذہنی تناؤ اور اس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دینے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
اس کے پیچھے بڑی وجہ وٹامن بی کا انرجی پیدا کرنا ہے۔وٹامن بی پانی میں گھل جانے والے وٹامن ہوتے ہیں اور یہ ہاضمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
‘کھیرے سے بال اور جلد بہتر ہوتے ہیں’
کھیرے میں موجود وٹامن اے، بی،سی ،کے ،میگنیز،کاپر اور پوٹاشیم جسم میں مدافعتی نظام کو بہتر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
اور جب آپ کا جسم اور اس کا مدافعتی نظام اچھی حالت میں ہو تو اس کی جھلک آپ کے بالوں ، ناخنوں اور جلد میں بھی نظر آتی ہے۔
مزید یہ کہ کھیرے میں سلیکا بھی بھرپور مقدار میں ہوتا جو بالوں اور ناخنوں کی نشو و نما کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ناخن، جلد اور بال میں موجود کیراٹن کو بنانے کے لیے سلفر کی ضرورت ہوتی ہے۔یہ سلفر بھی کھیرے میں موجود ہوتا ہے۔
‘کھیرا بیماری سے دور رکھتا ہے’
کھیرے میں موجود طاقتور اینٹی آکسی ڈینٹس جسم میں بیماریوں کے خلاف لڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وہ ایسے کہ اینٹی آکسی ڈینٹس جسم میں خلیوں کو تباہ کرنے والے فری ریڈیکلز سے لڑتے ہیں۔
مختلف تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے کہ فری ریڈیکلز کئی بیماریاں جیسے دل کا عارضہ اور کینسر پیدا کرنے میں معاونت کرتے ہیں اور اینٹی آکسی ڈینٹس ان فری ریڈیکلز سے لڑائی کا کام کرتے ہیں۔
‘کھیرا ہاضمے میں مدد کرتا ہے’
کھیرے میں پائے جانے والے غذائی اجزا اور پانی دونوں گُڈ بیکٹیریا کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اس سے معدے کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے، قبض سے نجات ملتی اور آپ چست رہتے ہیں۔
‘کھیرے سے آپ کا دل بہتر کام کرتا ہے’
کھیرے میں موجود پوٹاشیم دل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔پوٹاشیم سے پٹھوں، اعصاب اور گردوں کو خون بہتر طریقے سے چھاننے میں مدد ملتی ہے اور نتیجتاً دل تک صاف خون پہنچتا ہے اور تمام کا تمام جسم صحت مند رہتا ہے۔