کراچی: ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ویمن ٹیم کو سپر اوور میں شکست دے دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز کو 132 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف 31 اور جویریہ خان 26 رنز بناکر نمایاں رہیں جبکہ ندا ڈار اور عالیہ ریاض بالترتیب 25 اور 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
بعدازاں ویسٹ انڈیز نے بھی مقررہ 20 اوورز میں 132 رنز بنائے اور اس طرح میچ ٹائی ہوگیا، جس کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا اور ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست سے دوچار کردیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی تھی۔
اس طرح تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔