واشنگٹن: امریکا نے روس کے ساتھ سرد جنگ کے زمانے کے ایٹمی ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق اہم بین الاقوامی معاہدہ معطل کردیا۔
امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے معاہدے کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے مکمل تعاون کے باوجود روس کافی عرصے سے ایٹمی معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے، جس کی وجہ سے سیکڑوں یورپی اور امریکی شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور سوویت یونین نے 1987 میں ایٹمی ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا اطلاق جون 1988 سے ہوا تھا۔ اس معاہدے کو انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلئیر فورسز ٹریٹی (آئی این ایف) کہا جاتا ہے۔
اس معاہدے کے تحت درمیانے درجے تک مار کرنے والے ایٹمی میزائلوں کی تنصیب پر پابندی لگائی گئی تھی۔
تاہم امریکا نے حال ہی میں روس کی جانب سے لگائے گئے کروز میزائل ’نو واٹور 9M729′ کو اس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا تھا، لیکن روس نے امریکا کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے میزائل معاہدے کے اندر رہتے ہوئے لگائے گئے ہیں۔
امریکا نے گذشتہ برس اکتوبر میں بھی واضح کیا تھا کہ وہ یہ معاہدہ پہلے 60 روز کے لیے معطل کرے گا اور اگر اس دوران روس مکمل توثیق پر آمادہ نہ ہوا تو امریکا اس معاہدے سے مکمل طور پر دستبردار ہوجائے گا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز امریکہ اور روس کے نمائندوں کے درمیان چین کے دارالحکومت بیجنگ میں مذاکرات بھی ہوئے، تاہم کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہوسکی