چینی قونصلیٹ حملے کا مرکزی سہولت کار شارجہ سے گرفتار


کراچی میں چینی قونصلیٹ حملہ کیس کے مرکزی سہولت کار کو شارجہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

قائم مقام ایڈیشنل آئی جی محکمہ انسداد دہشتگردی عبداللہ شیخ کے مطابق چینی قونصلیٹ پر حملے کے وقت سہولت کار شہر میں موجود تھا۔

قائم مقام ایڈیشنل آئی جی عبداللہ شیخ کے مطابق ملزم کوحملے کیلئے 9 لاکھ روپے ملے تھے، ملزم نے پانچوں ملزمان کو رقم فراہم کیں، ملزم کے رابطے بیرون ممالک سے بھی ہیں۔

قائم مقام ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ نے بتایا کہ مطلوب ملزم کو سی ٹی ڈی کی نشاندہی پر قانون نافذ کرنےو الے اداروں نے گرفتار کیا جس سے تحقیقات جاری ہیں۔

عبداللہ شیخ کے مطابق گرفتار ملزم کا نام راشد جان بلوچ ہے ، ملزم حملے کے وقت کراچی میں موجود تھا ، ملزم کو حملے کے لیے نو لاکھ روپےسے زاید ملے تھے ، یہ نو لاکھ روپے چار مختلف اکاؤنٹس سے ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں بھیجے گئے تھے۔

ملزم نے پانچوں ملزمان کو رقم فراہم کی جبکہ ملزم کے رابطے بیرون ممالک سے بھی ہیں، اس سے مزید تحقیقات اس وقت شارجہ میں وہاں کے قانون نافذ کرنے والے ادارے کر رہے ہیں جبکہ اس کی پاکستان واپسی کیلئے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 23 نومبر کو صبح کے وقت کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کیا تھا اور ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کیا تھا۔

کارروائی میں 2 پولیس اہلکار کانسٹیبل عامر خان اور اے ایس آئی اشرف داؤد شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا، تاہم قونصل خانے کا چینی عملہ واقعے میں بالکل محفوظ رہا تھا


اپنا تبصرہ لکھیں