بھارت کے یوم جمہوریہ پر مقبوضہ وادی میں یوم سیاہ، 2 کشمیری شہید


سری نگر: بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کوحق خودارادیت نہ دینے پر یوم سیاہ منایا گیا جب کہ قابض فوج نے آج بھی مزید 2 کشمیری شہید کردیے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کنٹرول لائن کے اطراف اور دنیا بھر میں کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔

حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی جانب سے دی گئی یوم سیاہ کی کال پر مقبوضہ وادی میں آج مکمل ہڑتال رہی اور تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بند رہی۔

مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے یوم جمہوریہ سے پہلے ہی وادی بھر میں بھارتی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی تھی۔

شہریوں کا احتجاج روکنے کے لیے سری نگر میں جگہ جگہ رکاوٹیں اور پولیس چیک پوسٹیں بھی قائم کی گئیں۔

دوسری جانب قابضفوج نے سری نگر کے مضافات میں سرچ آپریشن کیا جس میں 2 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

بھارتی قابض انتظامیہ نے وادی میں انٹرنیٹ سروس بھی بند کررکھی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں