پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے کے دوران غیر ذمہ دارانہ رویہ بھاری پڑ گیا۔
انہیں نسلی تعصب پر مبنی ریمارکس کہنے پر جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسی نے تو معاف کردیا لیکن آئی سی سی ریفری نے معاملہ کو باضابطہ طور پر رپورٹ کردیا ہے ۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رنجن مدوگالے نے سرفراز کے معاملے پر اپنی رپورٹ پیش کردی ہے اور آئی سی سی اس رپورٹ کا تجزیہ کر رہا ہے۔
قوانین کے مطابق ، رپورٹ کے بعد اب آئی سی سی کا لیگل ڈپارٹمنٹ اس بات کا تعین کرے گا کہ کیس بنتا ہے یا نہیں، اگر کیس بنا تو پہلے قدم کے طور پر سرفراز اور فیلو کائیو سے مفاہمت کیلئے پوچھا جائے گا، مفاہمت پر اتفاق ہوا تو انضباطی کیس نہیں بنایا جائے گا۔
اگر اتفاق نہ ہوا تو سرفراز پر انضباطی چارج لگے گا جس کے بعد ان پر 4 سے 8 میچز کی پابندی لگ سکتی ہے۔
تاہم جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ٹیم نے سرفراز احمد کی معافی قبول کرلی ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرفراز کو اس طرح کے معاملات میں محتاط رہنا چاہیے۔
ڈوپلیسی نے کہا کہ گراؤنڈ پر فیلوکائیو نے سرفراز کا جملہ سنا بھی نہیں تھا لیکن یہ حساس معاملہ ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، سرفراز نے معافی مانگ لی جس کو قبول کرلیا ہے، لیکن معاملہ اب ہمارے ہاتھ سے نکل چکا، کیس آئی سی سی کے پاس ہے اور اب وہی فیصلہ کرے گا۔