وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈ نے کہا ہے کہ اللہ کے سوا کسی کا باپ بھی ہماری حکومت نہیں گرا سکتا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمارا سندھ حکومت کو گرانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نا ہی سندھ حکومت کو گرانے کے لیے کوئی سازش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں وزیر اعلیٰ سندھ ہماری بات سنیں گے اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے جو کرنے کے کام ہیں اس کے صرف ابھی وعدے ہی ہیں، اگر سندھ حکومت نے کام نہیں کئے تو پھر آپ لوگ مجھے جانتے ہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بچگانہ بات کرے گا تو اس کا اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت کچھ سندھ کو دینے کو تیار ہوں، سیاسی طور پر ایک دوسرے کو اچھا برا کہیں گے لیکن کام کریں گے۔
مہمند ڈیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے عوام سے صرف وعدے ہی کیے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا، مہمند ڈیم ہر حال میں بنے گا، اسے کوئی نہیں روک سکتا۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے پاس ایک ووٹ کی بھی اکثریت ہے تو اللہ تعالی کے سوا کسی کا باپ بھی ہماری حکومت نہیں گرا سکتا۔