اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہاہےکہ نوازشریف کی سزا کے خلاف نیب اپیل پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے قانون کی حاکمیت آگے چلے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے نیب ریفرنس میں نوازشریف کی سزا کے خلاف نیب اپیل مسترد کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو بہترین فیصلہ قرار دیا۔
شہبازشریف نے فیصلے پر کہا کہ اللہ کا شکر ہے، ہم عدالتِ عظمیٰ کے شکر گزار ہیں، اس فیصلے سے قانون کی حاکمیت آگے چلے گی۔
فوجی عدالتوں سے متعلق اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے بارے میں حکومت نے تاحال رابطہ نہیں کیا لہٰذا حکومت جب رابطہ کرے گی تو اس معاملے پر سوچ بچار کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی حکومت نے ہی فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کیا تھا، اس وجہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں ملیں۔