کراچی کا نوجوان 13 برس سے بھارت میں قید، والدہ کی حکومت سے مدد کی اپیل


کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کا رہائشی محمد فہد گزشتہ 13 برس سے بھارت کی قید میں ہے، والدہ کے مطابق فہد اپنی دادی کی خواہش پر ان سے ملنے جنوبی بھارت گیا جہاں اُس پر مختلف مقدمات قائم کردیئے گئے جبکہ حکومت کی جانب سے بھی ان کے بیٹے کی رہائی کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

بھارتی قید میں موجود محمد فہد کی والدہ زبیدہ خانم نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کا بیٹا فروری 2006 میں اپنی دادی سے ملنے جنوبی بھارت کے علاقے کیلیکٹ گیا، جہاں سے بھارتی فورسز نے اسے اپنی حراست میں لے لیا۔

والدہ کے مطابق فہد پر دہشت گردی سمیت مختلف الزامات لگائے گئے، جو وقتاً فوقتاً غلط ثابت ہوتے گئے اور اب اُس پر صرف ایک مقدمہ بچا ہے لیکن جس پولیس اہلکار نے مقدمہ درج کروایا، وہ اس کی پیشی پر ہی نہیں آ رہا۔

فہد کی والدہ کے مطابق وہ حکومت سمیت ہر فورم پر التجا کرچکی ہیں کہ ان کے بیٹے کو بھارت کی قید سے آزاد کروایا جائے لیکن تاحال اس کی کسی نے مدد نہیں کی۔

زبیدہ خانم نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کی زندگی میں ہی ان کے بیٹے کو بھارت کی قید سے رہا کروایا جائے تاکہ وہ اس کی شکل دیکھ سکیں۔

فہد کی والدہ کا مزید کہنا تھا کہ اس سال 25 فروری کو فہد کو بھارت کی قید میں 13 سال ہوجائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں