وسیم اختر کا فاروق ستار کو گھر بیٹھ کر ’اللہ اللہ‘ کرنے کا مشورہ


کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے رہنما اور میئر کراچی وسیم اختر نے اپنی ہی پارٹی کے سابق سربراہ فاروق ستار کو گھر بیٹھ کر اللہ اللہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے اعتراف کیا کہ سندھ حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے عوام کی خدمت بہتر انداز میں نہ کرسکے، وقت پر وسائل اور وفاق کے ترقیاتی پیکج ملتے تو عوام کی خدمت بہتر انداز میں کرتے لیکن ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر شہر کی خدمت کرنے کو کہا گیا، مانتا ہوں حق ادا نہیں کرسکا، ہمارے اختیارات محدود کردیے گئے۔

انہوں نے بتایا عدالت کا حکم ہے کہ وفاق سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کا معاملہ حل کیا جائے، سرکاری کوارٹرز کے مکین 46 سالوں سے رہ رہے ہیں، وہاں کے مکینوں کو رہنے دیا جائے یہ ان کا حق ہے، سرکاری کوارٹر کے مکینوں کو جگہ حکومت نے دی تھی۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ جہاں آپریشن ہوا وہاں مضبوط اسٹرکچر تو قائم نہیں ہوا مگر پتھارے ضرور لگ گئے، اب یہ کام پولیس کا ہے جو پتھارے واپس آرہے ہیں اسے ہٹائے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ فاروق ستار متحدہ قومی کاؤنسل بنا رہے ہیں کیا مشورہ دیں گے؟

میئر کراچی نے جواب دیا کہ فاروق ستار اللہ اللہ کریں، اب وہ وقت ختم ہوگیا، انہوں نے خود اپنے پیروں پر کلہاڑی ماری ہے، جو لوگ کام کر رہے ہیں فاروق ستار انہیں کام کرنے دیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں