لاہور: وزیرریلوے شیخ رشید نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رکنیت لینے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو رکنیت کے لیے خط لکھوں گا اور پی اے سی میں (ن) لیگ کا احتساب میں کروں گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نئی ٹرینوں کے افتتاح کیلئے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے، روہڑی ریلوے اسٹیشن پر 100 سے زائد دکانیں قائم کی جا رہی ہیں اور ایک شاپنگ مال بھی بنایا جائے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ 15 دن بعد تمام ریلوے اسٹیشنز پر پولیس کو بھی ٹکٹ چیک کرنے کا اختیار ہوگا، ریلوے سروس استعمال کرنے والوں کیلئے گفٹ اسکیم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سےمتعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو خط لکھوں گا کہ اپنا کوئی ممبر ہٹا کر مجھے بھی پی اے سی میں شامل کیا جائے، پبلک اکاونٹس کمیٹی میں (ن) لیگ کا میں احتساب کروں گا۔
انہوں نے ایک بار پھر چیئرمین پی اے سی کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو نہیں بٹھایاجاسکتا، جس کے خلاف 121 کیس ہوں اسے شرم نہیں آتی کہ وہ دوسروں کا احتساب کرے۔
وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے تعلق ضرور ہے لیکن میں ایک الگ سیاسی جماعت کی نمائندگی کرتا ہوں، پیر کے روز عمران خان سے پی اے سی کا رکن بننے کی بات کروں گا۔