پیپلز پارٹی کا علیمہ خان کیخلاف جے آئی ٹی بنانے، نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما تحریک انصاف پر برس پڑے اور علیمہ خان کی بیرون ملک جائیداد کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مطالبہ کردیا۔

رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا کہ نہ کاروبار نہ محنت مزدوری، ماجرا کیا ہے؟ لوگ غریبوں کے علاج کیلئے پیسے دیتے تھے، املاک خریدنے کیلئے نہیں، جے آئی ٹی عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف تحقیقات کرے۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔

سعید غنی نے کہا کہ ابھی تک بلاول زرداری کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا، چیف جسٹس نے کہا ہے کہ نام ای سی ایل سے نکالیں مگر عمل نہیں ہوا، سندھ کو وفاق سے فنڈز جاری نہیں کئے جارہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، صدقہ اور خیرات کی رقم غریبوں کی امانت تھی، انصاف کا تقاضا ہے کہ علیمہ خان کے خلاف جے آئی ٹی بنائی جائے، جے آئی ٹی عمران خان اورعلیمہ خان کے خلاف تحقیقات کرے، علیمہ خان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کے پاس کس ذرائع آمدن سے یہ جائیدادیں آئیں؟ دعویٰ کرتا ہوں کہ عمران خان صاحب کا گھر رقبے میں سب سے بڑا ہے، مطالبہ کرتا ہوں شوکت خانم میموریل کیلئے جو چندہ اکٹھا کیا جاتا ہے اسکا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیے۔

سعید غنی نے کہا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں جتنی تیزی سے پیپلزپارٹی کی قیادت کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا اسی طرح علیمہ خان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے،اس معاملے پر بھی ایسی ہی جے آئی ٹی بنائی جائے جو پیپلزپارٹی کے خلاف بنائی گئی۔

سندھ کے وزیر برائے ورکس ایںڈ سروسز ناصر شاہ کہتے ہیں کہ آصف زرداری کی بہن کیلئے الگ معیار ہے ، وزیر اعظم کی بہن کے لیے الگ۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی ایک اور جائیداد سامنے آ گئی ہے، امریکا میں موجود یہ جائیداد علیمہ خان نے 2004 میں خریدی مگر جون 2017ء تک پاکستانی ٹیکس حکام کے سامنے ظاہر نہیں کی تھی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان امریکی ریاست نیو جرسی میں 4 منزلہ عمارت میں تین فلیٹوں کی مالک ہیں او ان جائیداد کی موجودہ مالیت 30 لاکھ ڈالر یعنی 45 کروڑ روپے ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں