تمام صوبے گیس کی دریافت کیلئے کمپنیاں بنائیں گے: وفاقی وزیر پیٹرولیم


وزیر پیٹرولیم غلام سرور کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام صوبے گیس کی دریافت کے لیے کمپنیاں بنائیں گے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور کا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر صوبوں کی قیادت سے ملاقاتیں کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ صوبوں کے معاملات مشاورت سے حل کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ صوبے وفاق کے پاس آئیں ہم خود جا کر مسائل سنتے ہیں، سندھ کے وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

غلام سرور کا کہنا تھا کہ صوبائی مسائل پر ورکنگ گروپس اور کمیٹیاں بنائی ہیں، عوام جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، جمہوریت میں بات سنی اور سمجھی جاتی ہے یہی اس کا حسن ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ ہے کہ تمام صوبے گیس کی دریادت کے لیے کمپنیاں قائم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کمپنیوں کےبورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرنوتشکیل ہوگی، کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کی نمائندگی کے لیے ایک حکومتی اور ایک پرائیویٹ سیکٹر سے نمائندہ ہونا چاہیے۔

غلام سرور کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم کے تحت کمپنیوں میں بلوچستان کی نمائندگی مناسب نہیں رہی۔


اپنا تبصرہ لکھیں