پاکستان میں بیروزگار افراد کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار بڑھ کر 37 لاکھ 90 ہزار ہوگئی


اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے لیبرفورس سروے رپورٹ 2017-2018 جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بیروزگار افراد کی تعداد میں ایک لاکھ 70 ہزار کا اضافہ ہوا ہےجس کے بعد بیروزگار افراد کی تعداد بڑھ کر 37 لاکھ 90 ہزار ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 23 لاکھ 90 ہزار ،سندھ میں 7 لاکھ 50 ہزار، کے پی میں 5 لاکھ 50 ہزار اور بلوچستان میں ایک لاکھ 10 ہزار افراد بے روزگار ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں 2015 میں بیروزگار افراد کی تعداد 36 لاکھ 20 ہزار تھی، 2015کے مقابلے میں بیروزگاری کی شرح میں معمولی کمی ہوئی جس کی شرح 5.9 سے کم ہوکر 5.8 فیصد ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں شادی شدہ اور بیواؤں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، شادی شدہ افراد کی تعداد 52.6 سے بڑھ کر 53.5 فیصد ہوگئی، بیواؤں اور رنڈووں کی تعداد 3.6 سے بڑھ کر 3.9 فیصد ہوگئی، اس کے علاوہ کبھی شادی نہ کرنے والے افراد کی تعداد 42.3 فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں شرح خواندگی کی شرح 60.7 فیصد سے بڑھ کر 62.3 فیصد ہوگئی ہے جب کہ ناخواندہ افراد کی شرح کم ہوکر37.9 فیصد رہ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں 36.9 فیصد لوگ میٹرک سے کم تعلیم رکھتے ہیں اور صرف 6 فیصد لوگوں کے پاس ڈگری یا اس سے اوپر کی تعلیم ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں لیبرفورس کی تعداد 6 کروڑ55 لاکھ ہے جو 2015 میں تعداد 6 کروڑ 10 لاکھ تھی، 6 کروڑ 17 لاکھ لوگوں کے پاس روزگارہے اور یہ تعداد 2015 میں 5 کروڑ 74 لاکھ تھی، پنجاب میں سب سے زیادہ 3 کروڑ 76 لاکھ لوگوں کے پاس روزگار ہے جب کہ سندھ میں ایک کروڑ 44 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 71 لاکھ اور بلوچستان میں 25 لاکھ لوگوں کے پاس روزگار ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں