‘زرداری، مولانا فضل، اسفند یار، محمود اچکزئی سمیت سب کا نمبر آنے والا ہے’


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا لوٹا ہوا پیسہ ضرور واپس آئے گا اور نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان ، اسفندیار ولی، محمود خان اچکزئی سمیت سب کا نمبر  آنے والا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور سب سے قومی دولت برآمد ہونی ہے، جو جھاڑو آپ نے قومی خزانے پر پھیرا ہے ہلکا سا اب اپنے کمرے میں بھی پھیر دیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عدالتیں اور نیب ہر کسی کو بلاسکتی ہے یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ ہماری توہین ہے، عمران خان کا ساڑھے تین یا چار گھنٹے ہیلی کاپٹر کا سفر ہے اس کا موازنہ نواز شریف اور زرداری کی کرپشن سے نہیں ہوسکتا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے ساڑھے چار ماہ میں 6 ممالک پاکستان کے قریب آئے جب کہ نواز شریف فیملی کی غلط فہمی تھی کہ یہ سب ان کے علاوہ کسی سے تعلق نہیں رکھیں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ کسی ملک کے لیے ریاست اور معاشرہ اہمیت رکھتا ہے، ابوظہبی کے ولی عہد 12 سال بعد پاکستان آئے تو ان کے ہوش اڑے ہوئے ہیں اور ان کی غلط فہمی تھی کہ کوئی ان کے بغیر نہیں ملے گا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ یو  اے ای سعودی عرب اور چین نے دیکھا ہے کہ دیانتدار قیادت آئی ہے، دوسرے ملک حیران ہوگئے کہ وزیراعظم مختصر وفد کے ساتھ آئے جب کہ نواز شریف بمعہ اہل وعیال سو سو بندے لےکر دورے کیا کرتے تھے۔

فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کے ولی عہد کا دورہ پاکستان اپوزیشن سے ہضم نہیں ہو رہا اور وہ جھوٹے اعداد و شمار پیش کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے جو حساب کتاب دینا ہے وہ دیں، یہ لوگ پنجاب کو 12 سو ارب کا مقروض چھوڑ کر گئے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے 75 سو کارکن نواز شریف سے ملنا چاہتے ہیں تاہم سکیورٹی ایشو کی وجہ سے ہر کسی کو ملنے نہیں دیا جاسکتا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا چھ ہزار اداکاروں کی فیملیز کو ہیلتھ کارڈ دیے جارہے ہیں،ان کا صحت کارڈ صرف دس اضلاع میں تھا ہم نے 70 اضلاع میں شروع کیا ہے، اب ہیلتھ کارڈ میں سر کی حادثاتی چھوٹ، تجہیز و تکفین کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے


اپنا تبصرہ لکھیں