کراچی: سندھ کابینہ نے صوبے میں گریڈ ایک سے 15 تک کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں موجودہ الاٹمنٹ پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس دوران کابینہ کو بتایا گیا کہ 5 فیصد ہاؤس رینٹ سرکاری ملازمین کی تنخواہ سے کاٹا جاتا ہے اور صوبے میں 5 ہزار سیکریٹریٹ ملازمین رہائش مانگ رہے ہیں۔
کابینہ اجلاس میں الاٹمنٹ پالیسی پر کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں وزیر توانائی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قانون ہوں گے، یہ کمیٹی الاٹمنٹ پالیسی کا جائزہ لے کرسفارشات پیش کرےگی۔
علاوہ ازیں ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کابینہ نے صوبے میں نئی بھرتیاں کرنے کی بھی منظوری دے دی جس کے تحت گریڈ ایک سے 15 تک کی خالی آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔
سندھ کابینہ نے گنے کی کم ازکم قیمت 182 روپے فی من مقررکرنے کی منظوری دے دی جب کہ کابینہ نے وزیر زراعت کومارکیٹ کمیٹی بنانے کے اختیارات بھی دے دیے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کابینہ نے سندھ انجرڈ پرسن کمپلسری میڈیکل ٹریٹمنٹ بل منظور کرلیا۔