پاک بھارت تنازع کے بعد آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک آئی پی ایل سے دستبردار، جوز بٹلر بھی پلے آف سے قبل روانہ


رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک پاک بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث تعطل کا شکار ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ میں واپس نہیں آئیں گے، جبکہ انگلینڈ کے سابق وائٹ بال کپتان جوز بٹلر بھی پلے آف سے قبل روانہ ہو جائیں گے۔

جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر لیکن مہلک تنازع کے باعث دنیا کی امیر ترین کرکٹ لیگ گزشتہ ہفتے معطل کر دی گئی تھی۔

یہ مقابلہ ہفتے کے روز دوبارہ شروع ہوگا لیکن آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سمیت بین الاقوامی ٹیموں کے شیڈول سے تصادم کے باعث اختتامی مراحل کے لیے کئی بڑے ستاروں سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔

7 مئی سے شروع ہونے والے چار دنوں کے ڈرون، میزائل اور توپ خانے کے تبادلے میں سرحد کے دونوں جانب درجنوں شہریوں سمیت تقریباً 70 افراد ہلاک ہوئے۔

اسٹارک کی دہلی کیپٹلز دھرم شالہ میں کھیل رہی تھی جب ایک میچ کو آفیشلز نے فلڈ لائٹ فیل ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیا تھا۔ دھرم شالہ جموں شہر سے 200 کلومیٹر (125 میل) سے بھی کم فاصلے پر ہے، جہاں اسی دن گھنٹوں پہلے دھماکوں کی اطلاع ملی تھی۔

اسٹیڈیم کو فوری طور پر خالی کروا لیا گیا اور 35 سالہ اسٹارک سمیت کھلاڑیوں کو ٹیم بس میں گراؤنڈ سے باہر نکال لیا گیا۔

آسٹریلوی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اسٹارک نے دہلی کیپٹلز کو بتایا ہے کہ وہ واپس نہیں آئیں گے، جس سے انہیں 11 جون کو لارڈز میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی ملکی ٹیم کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی تیاری پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع مل گیا ہے۔

دہلی ٹیم یا آئی پی ایل کی جانب سے فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور اسٹار بلے باز ٹریوس ہیڈ دونوں بھارت واپس آئیں گے، لیکن دیگر آسٹریلوی کھلاڑیوں کے منصوبے واضح نہیں ہیں۔

لیگ کی معطلی سے اس کا شیڈول درہم برہم ہو گیا ہے، پلے آف اب تاخیر سے شروع ہوں گے اور فائنل نو دن تاخیر سے 3 جون کو کھیلا جائے گا۔

گجرات ٹائٹنز 10 ٹیموں کے ٹیبل پر سرفہرست ہے اور 29 مئی سے شروع ہونے والے پلے آف میں تقریباً یقینی طور پر پہنچ جائے گی۔

لیکن وکٹ کیپر بٹلر گروپ مرحلے کے بعد ٹیم چھوڑ دیں گے اور ان کی جگہ سری لنکا کے کوسل مینڈس لیں گے، جس سے انگلش کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

بی بی سی نے رپورٹ کیا کہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر جیکب بیتھل اور ول جیکس، جو بالترتیب رائل چیلنجرز بنگلورو اور ممبئی انڈینز کے لیے کھیلتے ہیں، بھی آئی پی ایل جلد چھوڑنے کی توقع ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں