کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنا لی


راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہفتے کے روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 27 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے کر 238 رنز کے ایک بڑے ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا۔

اس فتح کے بعد ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ پی ایس ایل 10 کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

238 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں زلمی مقررہ 20 اوورز میں صرف 214/5 رنز بنا سکی اور اس طرح اسے ایک بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

زلمی نے تعاقب کا جارحانہ آغاز کیا جب ان کی نئی اوپننگ جوڑی محمد حارث (9) اور صائم ایوب نے تیز رفتار 30 رنز کی شراکت قائم کی، جس کا خاتمہ تیسرے اوور میں حارث کے آؤٹ ہونے پر ہوا۔

ایوب پھر بابر اعظم کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 77 رنز کی اہم شراکت میں شامل رہے یہاں تک کہ 11ویں اوور میں عباس آفریدی کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 31 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔

بابر نے پھر ٹام کوہلر-کیڈمور اور میکس برائنٹ کے ساتھ یک طرفہ شراکتیں کیں یہاں تک کہ اپنی دلیرانہ اننگز کا تکلیف دہ اختتام ہوا جب وہ ایک مستحق سنچری سے صرف سات رنز کی دوری پر رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 94 رنز بنا کر زلمی کے لیے سب سے زیادہ اسکور کیا۔

ان کے آؤٹ ہونے سے پشاور زلمی کا اسکور 17.5 اوورز میں 184/5 ہو گیا، اور اسے 13 گیندوں میں مزید 55 رنز درکار تھے۔

آل راؤنڈر معاذ صداقت اور حسین طلعت مجموعی اسکور میں صرف 30 رنز کا اضافہ کر سکے، جنہوں نے بالترتیب 19 اور 12 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔

عباس کنگز کے باؤلرز میں سب سے نمایاں رہے جنہوں نے اپنے چار اوورز میں 48 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حسن علی اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کنگز نے وارنر اور ونس کے درمیان دوسری وکٹ کی میراتھن شراکت کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 237/4 کا ایک مضبوط اسکور بنایا۔

تاہم، کراچی کنگز کا اننگز کا آغاز متضاد رہا جب لیوک ووڈ نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر ڈیبیو کرنے والے بین میک ڈرموٹ کو کلین بولڈ کر دیا۔

ابتدائی لڑکھڑانے کے بعد ونس نے وارنر کے ساتھ مل کر شاندار واپسی کی اور دوسری وکٹ کے لیے 162 رنز کی شراکت قائم کی یہاں تک کہ علی رضا نے 15ویں اوور میں وارنر کو آؤٹ کر دیا۔ ونس نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 گیندوں پر 72 رنز بنائے۔

کنگز نے اگلے اوور میں ایک اور وکٹ کھو دی جب ووڈ نے فارم میں موجود محمد عرفان خان کو دو رنز پر آؤٹ کر دیا۔

عارف یعقوب نے 17ویں اوور میں زلمی کو ایک اور بڑا بریک تھرو دلایا جب انہوں نے وارنر کو ڈیپ مڈ وکٹ پر کیچ کروا دیا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 86 رنز بنا کر کنگز کے لیے سب سے زیادہ اسکور کیا۔

تاہم، لگاتار وکٹیں گرنے سے کنگز کی بڑے اسکور کی جانب پیش قدمی متاثر نہیں ہوئی کیونکہ آل راؤنڈر خوشدل شاہ اور محمد نبی نے تیز رفتاری سے قیمتی رنز کا اضافہ کیا اور انہوں نے 70 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ خوشدل نے صرف 15 گیندوں پر دھواں دھار 43 ناٹ آؤٹ رنز بنا کر شراکت میں جارحانہ کردار ادا کیا، جبکہ نبی نے 10 گیندوں پر 26 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔

ووڈ زلمی کے لیے نمایاں باؤلر رہے جنہوں نے اپنے چار اوورز میں صرف 19 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عارف اور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مسلح افواج کو خراج تحسین

لیگ ہفتے کے روز دوبارہ شروع ہوئی جب کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ایک تقریب میں یکجہتی کے اظہار کے طور پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔

17 مئی 2025 کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آتش بازی کا منظر۔ — آئی این پی

کھیل شروع ہونے سے قبل انہوں نے ملک کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری بھی پی ایس ایل میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

معروف گلوکار ساحر علی بگا اور اسرار شاہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پرجوش پرفارمنس دی، جس کے بعد آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

کرکٹ بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ کے تین مراحل کے نام فوج، بحریہ اور فضائیہ کے نام پر رکھے جائیں گے۔

یہ خراج تحسین حالیہ علاقائی کشیدگی کے درمیان پاکستانی مسلح افواج کے بھارتی جارحیت کے جواب کے بعد سامنے آیا ہے۔

پاکستان کے خلاف حالیہ بھارتی جارحیت کے باعث پی ایس ایل 10 اور 2025 انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) دونوں معطل ہو گئی تھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں