پاکستان نے ڈیجیٹل شمولیت میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے، کیونکہ 2024 میں تقریباً اسی ملین خواتین کو موبائل انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہوئی ہے، جو خواتین کی ڈیجیٹل رابطے میں ایک ریکارڈ ساز اضافہ ہے۔
وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شازہ فاطمہ خواجہ نے جمعرات کو ان اعداد و شمار کا انکشاف کرتے ہوئے ملک میں ڈیجیٹل صنفی فرق میں کمی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مردوں اور عورتوں کے درمیان انٹرنیٹ کے استعمال کا فرق 38 فیصد سے کم ہو کر 25 فیصد رہ گیا ہے، جو ڈیجیٹل مساوات کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
وزیر موصوفہ نے کہا، “یہ پیش رفت وزیر اعظم کے ڈیجیٹل وژن اور حکومت کی جانب سے ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کی جامع کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت وزارت آئی ٹی کی اولین ترجیح ہے، اور دیہی علاقوں تک رسائی کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں سے خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت نے ڈیجیٹل صنفی فرق کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
محترمہ خواجہ نے کہا، “ہم ملک کی ڈیجیٹل ترقی میں خواتین کو مساوی شراکت دار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ رابطے کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا محض ایک پالیسی نہیں بلکہ ایک قومی ہدف ہے۔”