جمعہ کو لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل سی سی اے) گراؤنڈ میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں فاطمہ ثناء کی چار وکٹوں اور منیبہ علی اور عالیہ ریاض کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو باآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
بارش سے متاثرہ مقابلے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ نے کپتان کیتھرین برائس کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 32 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔
سکاٹ لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور دونوں اوپنرز، ایبی آئٹکن-ڈرمنڈ (1) اور پیپا سپراؤل (9)، پہلے پانچ اوورز کے اندر صرف 17 رنز پر پویلین لوٹ گئیں۔
نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے آنے والی برائس نے اننگز کو سنبھالا اور آخری گیند تک بیٹنگ کی کوشش کو جاری رکھا، انہوں نے شاندار 96 گیندوں پر 91 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے سارہ برائس (21) اور آئلسا لسٹر (31) کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں جس کی مدد سے ان کی ٹیم ایک قابل احترام مجموعہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔
پاکستان کے لیے فاطمہ ثناء نے باؤلنگ اٹیک کی قیادت کی اور پانچ اوورز میں 23 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نشرہ سندھو اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے منیبہ علی اور عالیہ ریاض کی ذمہ دارانہ نصف سنچریوں کی بدولت آٹھ گیندیں باقی رہتے ہوئے چھ وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔
میزبان ٹیم آٹھویں اوور میں 36 رنز پر دو وکٹیں گنوا بیٹھی تھی جس کے بعد منیبہ اور عالیہ نے تیسری وکٹ کے لیے 93 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ منیبہ 24ویں اوور میں 72 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئیں، انہوں نے ایک چھکے سمیت 10 چوکے لگائے۔
اس کے بعد عالیہ نے کپتان فاطمہ ثناء (7) کے ساتھ مختصر شراکت کی اور پھر سدرہ نواز (14*) کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ عالیہ 70 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔
سکاٹ لینڈ کے لیے چلو ایبل نے دو وکٹیں حاصل کیں لیکن چھ اوورز میں 42 رنز دیں، جبکہ کیتھرین فریزر اور ریچل سلیٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس شاندار فتح کے ساتھ پاکستان دو میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پہنچ گیا، جبکہ سکاٹ لینڈ تیسرے نمبر پر برقرار ہے۔