عالیہ ریاض اور سدرہ امین کی نصف سنچریوں اور ڈیانا بیگ کی چار وکٹوں کی بدولت پاکستان کی آئرلینڈ کے خلاف 38 رنز سے فتح


بدھ کے روز قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے افتتاحی میچ میں عالیہ ریاض اور سدرہ امین کی نصف سنچریوں اور ڈیانا بیگ کی چار وکٹوں کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دے دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم 49 اوورز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سبز شرٹس نے اپنی اننگز کا محتاط انداز میں آغاز کیا اور ان کی اوپنر گل فیروزہ (چار رنز) دوسرے اوور میں جین میگوائر کا شکار بن گئیں، اس وقت بورڈ پر صرف چار رنز تھے۔

ابتدائی ہچکچاہٹ کے بعد، سدرہ امین نے منیب علی کا ساتھ دیا اور دونوں نے مل کر دوسری وکٹ کے لیے 77 رنز کی شاندار شراکت قائم کی یہاں تک کہ اوپنر آؤٹ ہو گئیں۔

منیبہ کو بھی میگوائر نے 21ویں اوور میں آؤٹ کیا۔ انہوں نے چار چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

سدرہ نے پھر پاکستان کے لیے ایک اور اہم شراکت داری کی جب انہوں نے عالیہ ریاض کے ساتھ 72 رنز کی شراکت قائم کی، جس سے ان کا مجموعہ 150 رنز سے تجاوز کر گیا۔

یہ مستحکم شراکت داری 36ویں اوور میں سدرہ کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ختم ہوئی۔ انہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 112 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔

عالیہ بھی پانچ اوورز بعد آؤٹ ہو گئیں اور پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 58 گیندوں پر 52 رنز بنا کر واپس چلی گئیں، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد نچلے آرڈر کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پاکستان نے اپنی باقی چھ وکٹیں صرف 42 رنز پر گنوا دیں۔

میگوائر آئرلینڈ کی نمایاں گیند باز رہیں، جنہوں نے 10 اوورز میں صرف 33 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، ان کے بعد ارلین کیلی اور کارا مرے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

218 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی بیٹنگ لائن اپنی ٹاپ آرڈر کی نمایاں شراکت کے باوجود 44 اوورز میں صرف 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آئرلینڈ ہدف کے تعاقب کی راہ پر گامزن تھا جب ان کی کپتان گیبی لیوس اور وکٹ کیپر بیٹر ایمی ہنٹر کریز پر موجود تھیں۔

اس جوڑی نے آئرلینڈ کو 8.1 اوورز میں 27/1 سے 23 اوورز میں 96/2 تک پہنچا دیا یہاں تک کہ نشرہ سندھو نے 28 گیندوں کے اندر دونوں سیٹ بیٹرز کو آؤٹ کر دیا۔

لیوس اور ہنٹر دونوں نے آئرلینڈ کے لیے 44-44 رنز بنائے۔

ان کے لگاتار آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور آئرلینڈ نے اپنی باقی سات وکٹیں صرف 66 رنز پر گنوا دیں اور یوں 179 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

آئرلینڈ کے لیے مڈل آرڈر بیٹر اورلا پرینڈرگاسٹ 53 گیندوں پر 37 رنز بنانے والی دیگر نمایاں کھلاڑی تھیں۔

بیگ نے پاکستان کی جانب سے چار وکٹیں حاصل کر کے باؤلنگ کی قیادت کی، ان کے بعد سندھو نے تین اور سعدیہ اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اپنی میچ وننگ باؤلنگ پرفارمنس پر بیگ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 11 رنز سے شکست دے کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں