وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی کے بلوں میں کمی اور ڈی جی خان میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی کے بلوں میں کمی اور ڈی جی خان میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان


وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز بجلی کے بلوں میں کمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ڈی جی خان میں کینسر اسپتال کے قیام کا اعلان کیا۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے راجن پور میں ایک نئی یونیورسٹی بنانے کے منصوبے کا بھی انکشاف کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام علاقوں میں یکساں ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، خاص طور پر جنوبی پنجاب جیسے کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

معاشی ترقی پر زور

وزیر اعظم نے ملکی معیشت کے استحکام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی 40 فیصد سے کم ہو کر 2.4 فیصد پر آ گئی ہے، جبکہ شرح سود 22 فیصد سے گھٹ کر 12 فیصد ہو گئی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے، لیکن اب توجہ خوشحالی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان اب ترقی کے لیے قرضوں پر انحصار نہیں کرے گا۔

سیکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف عزم

وزیر اعظم نے سیکیورٹی سے متعلق مسائل پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے بغیر ممکن نہیں، اور ملک کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان کی ترقی کا عزم

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو ایک عظیم قوم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے عوام کو محنت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان نے بھارت کو ترقی میں پیچھے نہ چھوڑا، تو “پھر میرا نام شہباز شریف نہیں”۔


اپنا تبصرہ لکھیں