ریال میڈرڈ کے اسٹار کیلین ایمباپے نے چیمپئنز لیگ کے پلے آف کے دوسرے مرحلے میں مانچسٹر سٹی کو 3-1 سے شکست دے کر تباہ کر دیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی اسٹرائیکر نے بدھ کے روز سینٹیاگو برنابیو میں تین گول اسکور کیے، جس سے مانچسٹر سٹی کا چیمپئنز لیگ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔
پیپ گارڈیولا کی ٹیم ایک بار پھر شدید شکست سے دوچار ہوئی، جس کی بڑی وجہ سیزن کے دوران متعدد کھلاڑیوں کی انجری کے باعث خراب کارکردگی تھی۔
ایمباپے نے انگلش ٹیم کے خلاف کسی نرمی کا مظاہرہ نہیں کیا، بلکہ اپنی تیز رفتاری اور مہارت سے دفاع کو توڑتے ہوئے ایسا کھیل پیش کیا جسے سٹی کے کھلاڑی قابو نہ کر سکے۔
نمبر 9 کو ریال میڈرڈ کے مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا، کیونکہ وہ گزشتہ جون میں پیرس سینٹ جرمین سے مفت ٹرانسفر پر شامل ہونے کے بعد ابتدائی 11 میچوں میں صرف تین گول کر سکے تھے۔
تاہم، ایمباپے نے ثابت کر دیا کہ وہ مکمل طور پر ریال میڈرڈ کے کھیل کے مطابق ڈھل چکے ہیں، کیونکہ وہ اس سیزن میں اب تک تمام مقابلوں میں 27 گول کر چکے ہیں۔
26 سالہ کھلاڑی کو مداحوں کی بھرپور پذیرائی بھی ملی، اور مانچسٹر سٹی کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد انہیں کھڑے ہو کر داد دی گئی۔
بی بی سی ریڈیو 5 لائیو کے چیف فٹ بال رپورٹر جان مرے نے ایمباپے کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “کیا کھلاڑی ہے، کیا شخصیت ہے، کیا شاندار انسان ہے۔ دیکھیں میڈرڈ میں لوگ کس قدر اس سے محبت کرتے ہیں۔”
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس بدترین شکست کے بعد مانچسٹر سٹی یوئیفا چیمپئنز لیگ سے باہر ہو چکا ہے۔