جسٹن بالڈونی کے وکیل نے SNL50: دی اینیورسری اسپیشل میں شرکت کے بعد ریان رینالڈز اور بلیک لائیولی پر طنز کیا ہے۔
یاد رہے کہ 37 سالہ بلیک لائیولی نے دسمبر 2024 میں اپنی فلم اِٹ اینڈز وِد اَس کے ساتھی اداکار جسٹن بالڈونی کے خلاف نامناسب رویے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
اتوار، 16 فروری کو، ڈیڈپول اسٹار ریان رینالڈز نے شو میں ایک ایسا مذاق کیا جو ان کی بیوی کے مقدمے کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔
شو کے میزبان ایمی پوہلر اور ٹینا فے نے جب ریان اور بلیک کا تذکرہ کیا اور پوچھا، “اوہ، ہائے ریان رینالڈز! سب کیسا چل رہا ہے؟”
تو ریان نے تھوڑا الجھے ہوئے انداز میں جواب دیا، “زبردست… کیوں؟ تم نے کیا سنا؟”
حال ہی میں، جسٹن بالڈونی کے وکیل برائن فریڈمین نے اس متنازعہ مذاق پر تبصرہ کرتے ہوئے بلی بش کے پوڈکاسٹ “ہاٹ مائکس” میں کہا:
“مجھے نہیں معلوم کہ کوئی ایسا شخص ہو جس کی بیوی کو ہراساں کیا گیا ہو اور وہ اس صورتحال پر مذاق کرے۔ یہ میرے لیے حیران کن تھا۔”
انہوں نے مزید کہا، “یہ لوگ برسوں سے عوام کے فیصلے کا شکار ہوتے ہیں، کیونکہ جب الزامات لگتے ہیں تو فوراً لوگوں کو بائیکاٹ کر دیا جاتا ہے، ان کے پروجیکٹس چھین لیے جاتے ہیں، اور انہیں نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔”
قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکی ہدایتکار جسٹن بالڈونی نے ان تمام الزامات کو مسترد کیا ہے اور بلیک لائیولی پر ہتک عزت اور دھمکی دینے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔