خیبر پختونخوا کے علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ خفیہ معلومات پر مبنی کارروائیاں کیں، جن میں مجموعی طور پر 15 دہشت گرد مارے گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مادر وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے پاک فوج کے بہادر شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد مارے گئے، جن میں دہشت گرد گروہ کے سرغنہ فرمان عرف ثاقب، امان اللہ عرف توری، سعید عرف لیاقت اور بلال شامل تھے۔
یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
اس کارروائی کے دوران پاک فوج کے 4 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہداء میں لیفٹیننٹ حسن اشرف (21 سال، لاہور)، نائب صوبیدار محمد بلال (39 سال، ڈیرہ اسماعیل خان)، سپاہی فرحت اللہ (27 سال، لکی مروت) اور سپاہی ہمت خان (29 سال، مہمند) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو تلاش کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔