امریکی ریپر کانیے ویسٹ، جو اب Ye کے نام سے جانے جاتے ہیں، کو یہودی کمیونٹی کے خلاف نفرت انگیز تبصرے کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اسکائی نیوز کے مطابق، کانیے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر کئی متنازعہ پوسٹس کرنے کے بعد اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا۔
جمعہ کے روز، ان کی زیادہ تر پوسٹس یہودی کمیونٹی سے متعلق تھیں، جن میں انہوں نے لکھا:
“I love Hitler” اور “I am Nazi”۔
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا:
“میں اپنے یہودی مخالف تبصروں پر کبھی معافی نہیں مانگوں گا۔”
اتوار کو سپر باؤل کے بعد، 47 سالہ ریپر نے اپنی آخری پوسٹ میں لکھا:
“میں X سے لاگ آؤٹ کر رہا ہوں، مجھے اپنی بات کہنے کا موقع دینے کے لیے ایلون مسک کا شکر گزار ہوں۔”
“کیمپین اگینسٹ اینٹی سمیٹزم” نے پہلے ہی ایلون مسک سے درخواست کی تھی کہ وہ ویسٹ کو X سے ہٹا دیں۔
ایک ترجمان نے کہا:
“ایک بار پھر، Ye نے آن لائن یہودی مخالف مہم شروع کر دی ہے۔ یہ واضح ہے کہ وہ اپنی نفرت انگیز سوچ پر نادم نہیں ہے۔”
بیان میں مزید کہا گیا:
“یہ کھلی اشتعال انگیزی ہے اور ہمیں اسے روکنا ہوگا۔ ہم ایلون مسک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انہیں X سے ہٹا دیں۔”
ادھر، فرینڈز اسٹار ڈیوڈ شوئمر نے بھی کانیے ویسٹ کے خلاف آواز بلند کی اور مسک سے ان کا اکاؤنٹ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
58 سالہ اداکار نے انسٹاگرام پر لکھا:
“یہ 2022 کی کہانی دہرائی جا رہی ہے۔ ہم کسی نفرت انگیز شخص کو بکواس کرنے سے نہیں روک سکتے، لیکن ہم اسے ایک بڑا پلیٹ فارم دینے سے روک سکتے ہیں، مسٹر مسک!”
انہوں نے مزید کہا:
“کانیے ویسٹ کے X پر 32.7 ملین فالوورز ہیں، جو دنیا بھر میں موجود یہودیوں کی تعداد سے دوگنا زیادہ ہیں۔ اس کی نفرت انگیز تقریر حقیقی زندگی میں یہودیوں پر تشدد کا باعث بنتی ہے۔”
یہ تنازعہ اس وقت مزید بڑھا جب کانیے ویسٹ اور ان کی بیوی بیانکا سینسوری نے گریمی ایوارڈز میں متنازعہ لباس کی وجہ سے توجہ حاصل کی۔