ویسٹ انڈیز کے کپتان براتھویٹ پاکستان ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کے لئے پُر اُمید

ویسٹ انڈیز کے کپتان براتھویٹ پاکستان ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کے لئے پُر اُمید


ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں سیریز برابر کرنے کے لئے پُر اُمید ہے، جو کل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔

ملتان میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل ایک پریس کانفرنس میں براتھویٹ نے پہلے ٹیسٹ کے دوران پچ کے رویے پر بات کی، اور کہا، “پچھلے ٹیسٹ میں پچ پر بیٹنگ کرنا کافی مشکل تھا۔ کھلاڑیوں کو خود پر اعتماد رکھنا چاہیے۔”

انہوں نے کہا، “ہر بیٹر کی اپنی نوعیت ہوتی ہے۔ ہم اپنے کھیل کو حالات کے مطابق ڈھالنے کے لئے تیار ہیں۔”

پاکستان کے گھر کے حالات میں کھیلنے کے حوالے سے براتھویٹ نے کہا، “پاکستان اپنے گھریلو حالات کا فائدہ اُٹھا رہا ہے اور اسپن فرینڈلی وکٹ تیار کر رہا ہے، جو ان کے لئے اچھا ہے۔”

ویسٹ انڈیز کے اسپنر جومیل واریکن کی بولنگ کی زبردست کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے، براتھویٹ نے کہا، “واریکن نے پہلے ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کی۔ اُمید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی اچھا پرفارم کریں گے۔”

انہوں نے کہا، “ہمیں یہ خیال ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی پچ ویسی ہی ہوگی جیسا کہ پہلے ٹیسٹ میں تھا۔”

براتھویٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشنز میں اسپنرز کے خلاف کھیلنے کی مشق کی۔

انہوں نے دوسرے ٹیسٹ کے لئے ویسٹ انڈیز کے سینئر بولر کیمر روچ کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا اعلان بھی کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں