بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی تجارتی مذاکرات نہیں ہوئے۔ واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے شنکر نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کی طرف سے تجارت بحال کرنے کے لیے کوئی تجویز پیش نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی تجارت بند نہیں کی، بلکہ 2019 میں پاکستان نے خود تجارت معطل کی۔ جے شنکر نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان کو “موسٹ فیورڈ نیشن” (MFN) کا درجہ دیا تھا، لیکن پاکستان نے کبھی ایسا نہیں کیا۔
پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارت کے ساتھ تعلقات کو محدود کر دیا تھا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کی یہ کارروائی مذاکرات کے ماحول کو خراب کرتی ہے۔
دونوں ممالک نے فروری 2021 میں لائن آف کنٹرول (LoC) پر 2003 کے جنگ بندی معاہدے کو بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا، لیکن گزشتہ سال دفتر خارجہ نے واضح کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کی بحالی کے لیے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔
تاہم، مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات پر نظرثانی کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے مستقبل قریب میں ملاقات کی امید ظاہر کی تھی اور ہمیشہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے حامی رہے ہیں۔