‎ڈیلس کے معروف گٹارسٹ منصور شہزاد گلے کے کینسر سے جاں بحق کمیونٹی سوگوار


ڈیلس کے معروف گٹارسٹ منصور شہزاد گلے کے کینسر سے جاں بحق کمیونٹی سوگوار

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ڈیلس: ڈیلس کے مشہور گٹارسٹ منصور شہزاد آج مختصر علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ مرحوم کو چھ ماہ قبل گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ڈیلس کے ایک نجی ہسپتال میں ان کا علاج جاری تھا۔ منصور شہزاد پاکستان اور بھارت سے آنے والے گلوکاروں کے یہاں ہونے والے کنسرٹس میں ان کے ساتھ شریک ہوتے تھے۔ انہوں نے متعدد فنکاروں کے ساتھ اپنی پرفارمنس دی۔ انہوں نے اپنی نو عمری میں 1980 کی دہائی میں کراچی سے گٹار بجانے کا آغاز کیا اور پاکستان کے معروف پاپ گلوکار عالمگیر، شہزاد رائے، علی حیدر، سلیم جاوید، حسن جہانگیر، شازیہ خشک، ارشد محمود، نعیم عباس روفی اور دیگر بڑے فنکاروں کے ہمراہ پرفارمنس دی۔

منصور شہزاد 1990 کی دہائی میں امریکہ آئے اور ڈیلس میں سکونت اختیار کی۔ یہاں انہوں نے کافی کٹھن وقت گزارا مگر وہ اپنے شوق کی تکمیل کرتے رہے اور موسیقی سے جڑے رہے۔ انہوں نے پاکستان اور انڈیا کے نامور گلوکاروں کے ساتھ پرفارمنس دی۔ وہ ایک زندہ دل انسان تھے جو ہر وقت مسکراہٹ بکھیرتے رہتے۔ چھ ماہ قبل ان کے گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے ان مہینوں میں کافی تکلیف میں وقت گزارا۔ ان کی عمر 47 سال تھی اور انہوں نے شادی نہیں کی، بلکہ اپنی موسیقی کو اپنا ہمسفر بنایا۔

منصور شہزاد ایک شریف النفس اور صوفی مزاج شخص تھے جو ہر کسی سے جھک کر ملتے۔ دوستوں کے حلقے میں انہیں ایک سچے اور مخلص دوست کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ڈیلس کے معروف میوزیشن رحیم کیشوانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں منصور شہزاد جیسا شخص نہیں دیکھا جو دوستی کو کبھی پیسوں یا کسی مطلب پر نہیں تولتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ وہ دوران علالت اس سے مسلسل رابطہ میں رہے ۔

منصور کے  والد کا نام مرحوم منصور علی سندرانی تھا، جبکہ ان کی والدہ ملک سلطان پچھلے ماہ ان سے ملنے پاکستان سے امریکہ آئیں تھیں۔ ان کی بہن سلمہ توقیق، جو آسٹن میں مقیم ہیں، نے ان کے آخری وقتوں میں بہت ساتھ دیا۔ ان کی تدفین اور آخری رسومات کا اعلان ابھی تک ان کی بہن کی جانب سے نہیں کیا گیا۔ دریں اثنا  ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما سید فیاض حسن، ڈیلس پیس سینٹر کے صدر آفتاب صدیقی، پاکستان سوسائٹی کے سابق صدر عابد ملک، ڈیلس کے معروف گلوکار اور کرکٹر فیصل اختر، گلوکار علی، میوزیشن علی خان اور پاکستان کے موسیقار اللہ دتا کے فرزند عشرت اللہ دتا نے کہا کہ ان کے انتقال سے ڈیلس ایک ماہر گٹارسٹ اور اچھے انسان سے محروم ہو گیا ہے۔ جاگو ٹائمز کے مدیر اعلیٰ راجہ زاہد اختر خانزادہ کا کہنا ہے کہ وہ منصور شہزاد کو پچھلے 24 سالوں سے جانتے تھے اور انہوں نے ڈیلس میں پاکستانی کلچرل پروگراموں میں حصہ لے کر اپنے ملک کے کلچر کو فروغ دیا۔ تمام رہنماؤں نے دعا کی ہے کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

Screenshot

Screenshot

Screenshot


اپنا تبصرہ لکھیں