پاکستانی گلوکار سلیم جاوید کے لائیو کنسرٹ نے ڈیلاس کی عوام کے دل موہ لیے


پاکستانی گلوکار سلیم جاوید کے لائیو کنسرٹ نے ڈیلاس کی عوام کے دل موہ لیے

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ڈیلاس، ٹیکساس: پاکستان کے معروف پاپ گلوکار سلیم جاوید نے ڈیلاس میں اپنی جاندار پرفارمنس سے مداحوں کے دلوں کو گرما دیا۔ یہ شاندار کنسرٹ روچی پیلس، کیرولٹن میں منعقد ہوا، جو رات دیر گئے تک جاری رہا۔ کنسرٹ کے منتظم انعام اللہ خان شیروانی تھے، اور کمیونٹی کے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔

گلوکار سلیم جاوید نے اپنی منفرد آواز کے جادو سے سامعین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے پاکستان کی مختلف زبانوں میں گانے پیش کرکے حاضرین کی پرانی یادوں کو تازہ کیا، جس سے تقریب میں ایک خوبصورت اور یادگار ماحول پیدا ہوگیا۔ چار گھنٹے طویل اس شاندار پرفارمنس میں انہوں نے اپنے مشہور بھنگڑا اور پاپ ہٹس کے ساتھ نیم کلاسیکل گانے بھی سنائے، جو ان کی موسیقی کی مہارت اور ورثے کی عکاسی کرتے تھے۔ حاضرین پورے پروگرام کے دوران موسیقی کے سحر میں مبتلا رہے۔

تقریب میں بہترین آڈیو ویژول سسٹم کی فراہمی زارک انٹرٹینمنٹ کی ڈی جے ٹیم نے کی، جنہوں نے پروگرام کو مزید رنگین بنا دیا۔ اس پروگرام کی کامیابی میں انعام اللہ خان شیروانی اور ان کی ٹیم کا کردار بھی قابل تعریف رہا۔ یہ تقریب نہ صرف موسیقی سے بھرپور تھی بلکہ شائقین کے لیے ایک یادگار شام بھی ثابت ہوئی۔ شرکا نے موسیقی کے ساتھ ساتھ لذیذ کھانوں کا لطف اٹھایا اور خوشگوار ماحول میں بھرپور انجوائے کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں