جب 2024 کا سال ختم ہو رہا ہے، تو یہ سال خوشی کے ساتھ ساتھ غم کی یادیں بھی چھوڑ گیا ہے۔ ان غمگین واقعات میں فضائی صنعت کے کئی بڑے حادثات شامل ہیں، جنہوں نے دنیا بھر میں خاص طور پر سفر کے شوقین افراد پر گہرے اثرات چھوڑے۔
جاپان – 2 جنوری 2024
جاپان ایئرلائنز کا اے 350
ٹوکیو کے ہانِیڈا ایئرپورٹ پر ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں جاپان ایئرلائنز کا طیارہ ایک چھوٹے کوسٹ گارڈ طیارے سے رن وے پر ٹکرا گیا۔ ایئربس میں آگ لگ گئی، لیکن 379 مسافروں کو وقت پر نکال لیا گیا۔ بدقسمتی سے، چھوٹے طیارے کے چھ میں سے پانچ عملہ کے اراکین جاں بحق ہوگئے۔
کینیڈا – 23 جنوری 2024
نارتھ ویسٹرن ایئر کا حادثہ
کینیڈا کے فورٹ اسمتھ کے نواحی علاقے میں نارتھ ویسٹرن ایئر کی ایک چھوٹی پرواز گر کر تباہ ہوگئی۔ اس طیارے میں بین الاقوامی کان کنی کمپنی کے کارکن سوار تھے، اور چھ میں سے پانچ افراد کی موت واقع ہوئی۔
ایران – 19 مئی 2024
ایرانی صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر حادثہ
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر ایران کے آذربائیجان کی سرحد کے قریب پہاڑی علاقے میں دھند کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں رئیسی، ایران کے وزیر خارجہ، ایک صوبائی گورنر اور دیگر چار افراد جان سے گئے۔
سنگاپور – 21 مئی 2024
سنگاپور ایئرلائنز بوئنگ کا حادثہ
لندن سے سنگاپور ایئرلائنز کے بوئنگ طیارے کو شدید آندھی کا سامنا ہوا، جس کے نتیجے میں 30 مسافر زخمی ہوئے۔ طیارے کو بنکاک، تھائی لینڈ میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ بدقسمتی سے، ایک مسافر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔
مالاوی – 10 جون 2024
مالاوی کا طیارہ حادثہ
مالاوی میں ایک طیارہ حادثے میں ملک کے نائب صدر ساؤلوس چلیما بھی سوار تھے۔ اس حادثے میں نو افراد ہلاک ہوئے، جن میں مالاوی کی سابق خاتون اول پیٹریشیا شانِل اور دیگر مسافر شامل تھے۔
نیپال – 24 جولائی 2024
سوریا ایئرلائنز کا حادثہ
نیپال کے کاٹھمنڈو سے سوریا ایئرلائنز کا 50 نشستوں والا سی آر جے 200 طیارہ اُڑان کے فوراً بعد گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے، اور واحد بچنے والا شخص پائلٹ تھا۔
برازیل – 9 اگست 2024
برازیل کا طیارہ حادثہ
برازیل کی فضائی کمپنی ویاپاس کا ایک طیارہ برازیل کے ساحلی علاقے میں سان پاؤلو کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ بدقسمتی سے، طیارے میں سوار 62 مسافر ہلاک ہوگئے۔
تھائی لینڈ – 22 اگست 2024
سیسنا طیارہ حادثہ
تھائی لینڈ کی فضائی کمپنی کا ایک چھوٹا سیسنا طیارہ بنکاک کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار تمام نو افراد کی موت واقع ہوئی۔
قازقستان – 26 دسمبر 2024
آذربائیجان ایئرلائنز کا حادثہ
آذربائیجان ایئرلائنز کا ایک طیارہ روس کے لیے روانہ ہو رہا تھا کہ قازقستان کے ایک علاقے آکٹاو میں گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں 38 افراد کی موت ہوگئی، جب کہ 29 افراد محفوظ رہے۔
جنوبی کوریا – 29 دسمبر 2024
جےجو ایئر لائنز کا حادثہ
جنوبی کوریا کی جےجو ایئر لائنز کا طیارہ بنکاک سے موان شہر کی جانب اُڑان بھر رہا تھا کہ لینڈنگ کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا۔ اس حادثے میں 181 مسافروں میں سے 179 کی موت ہوگئی۔