پاکستان مسلم لیگ نون کی سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کے اعزاز میں عابد ملک کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب

پاکستان مسلم لیگ نون کی سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کے اعزاز میں عابد ملک کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب


رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ڈیلس: پاکستان مسلم لیگ آزاد کشمیر اوورسیز کے صدر عابد ملک کی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ ( ن )کی رہنما اور سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلم لیگی رہنماؤں اور کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کی سیاسی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کرنا اور مسلم لیگ ن کی قیادت تک ان کے مسائل اور تجاویز پہنچانا تھا۔
سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا اہم اثاثہ ہیں جن کے پاس بے پناہ صلاحیتیں اور وسائل موجود ہیں، مگر بدقسمتی سے ان سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ پاکستان واپسی پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کریں گی اور اوورسیز ونگ کو مزید متحرک اور منظم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ اور جو تجاویز انہوں نے پیش کی ہیں اسپر اعلی قیادت کو انکی تجاویز سے آگاہ کرینگی ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں اور ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
تقریب کے میزبان عابد ملک نے کہا کہ امریکہ میں مسلم لیگ ن کے ہزاروں حامی موجود ہیں لیکن تنظیمی ڈھانچے کے باوجود مرکزی قیادت کی جانب سے مسلسل نظرانداز کیے جانے کا احساس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کسی متحرک اور تجربہ کار رہنما کو اوورسیز ونگ کا انچارج مقرر کرے جو امریکہ میں موجود مسلم لیگی عہدیداران اور قیادت کے درمیان موثر رابطے کا کردار ادا کرسکے۔
عابد ملک نے امریکی سیاسی نظام میں اثرانداز ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں، خصوصاً پی ٹی آئی، امریکی کانگریس اور سینٹ کے اراکین سے قریبی تعلقات قائم کر کے اپنے مقاصد میں کامیاب ہو رہی ہیں۔ اگر مسلم لیگ ن کی قیادت اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور انہیں مناسب اخلاقی اور تنظیمی مدد فراہم کرے تو امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی بھی کانگریس اور سینٹ میں پاکستان کے حق میں حمایت حاصل کرسکتی ہے انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی ڈیلس آمد کے موقع پر انہوں نے ریپبلکن اور ڈیموکریٹک کانگریس اراکین سے ملاقاتوں کا اہتمام کیا تاکہ کشمیر کے حق میں امریکی کانگریس میں حمایت حاصل کی جا سکے۔
استقبالیہ میں مسلم لیگ ن کے دیگر عہدیداران اور کمیونٹی کے سرکردہ افراد بھی شریک تھے، جنہوں نے سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کو ڈیلس آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اوورسیز پاکستانیوں کی سیاسی تنظیم سازی اور سیاسی اثر و رسوخ بڑھانے سے متعلق متعدد اہم تجاویز بھی پیش کیں، جنہیں سینیٹر نے بڑی دلچسپی سے سنا اور عملی اقدامات کا یقین دلایا۔
یہ تقریب اوورسیز پاکستانیوں کی سیاسی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کرنے اور مرکزی قیادت تک ان کی آواز پہنچانے کی ایک اہم کوشش تھی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات سے پاکستان مسلم لیگ ن اور اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مشترکہ تعاون سے پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں