پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے حوالے سے دلچسپ باتیں شیئر کیں، جس دوران پاکستان کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔
عدنان صدیقی برطانیہ میں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کے لیے گئے، جہاں وہ پاکستان میں غریب بچوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔
ایک انٹرویو میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ تقریب میں جب بادشاہ چارلس سوئم آئے، تو سب لوگ کھڑے ہو گئے، اور بادشاہ نے ان کی طرف رخ کیا۔ “ہم سب کے درمیان بیچ لگا ہوا تھا، اور بادشاہ نے جب بیچ پر نظر ڈالی تو مجھ سے دریافت کیا کہ میں کون ہوں۔ میں نے بتایا کہ میں ایک اداکار ہوں اور پاکستان سے تعلیم کے فروغ کے لیے آنے والی این جی او کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ یہ سن کر بادشاہ خوش ہوئے اور کہا کہ تعلیم پر کام کرنا بہت ضروری ہے، یہ ایک بہت اچھا کام ہے۔”
عدنان صدیقی نے مزید بتایا کہ برطانوی بادشاہ نے پاکستان کی ثقافت کی تعریف بھی کی۔ اداکار نے کہا، “اتنے بڑے اجتماع میں آ کر بادشاہ کا مجھ سے بات کرنا میرے لیے خوشی کا موقع تھا۔ میں نے ہمیشہ انہیں تصویروں میں دیکھا تھا، لیکن حقیقت میں ہاتھ ملایا اور بات بھی کی۔”
اداکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بادشاہ چارلس نے اپنی گفتگو میں پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔