بھارتی اداکارہ مرونال ٹھاکر کو دیوالی کے تہوار پر مداح کی ایڈیٹ کردہ ویڈیو بری لگ گئی اور سوشل میڈیا پوسٹ پر ہی مداح پر برس پڑیں۔
مرونال ٹھاکر دیوالی کے موقع پر ایک مداح کی جانب سے ایڈیٹ کردہ ویڈیو دیکھ کر ناراض ہوگئیں۔ اس ویڈیو میں مداح کو آتشبازی کرتے ہوئے مرونال کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔
اداکارہ نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ “کول” نہیں ہے۔
بعد ازاں مرونل نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے مداح کے فن کی تعریف بھی کی اور کہا کہ ان کا دل ٹوٹ گیا جب انہوں نے دیکھا کہ یہ مداح دیگر اداکاراؤں کے ساتھ بھی ایسی ویڈیوز شیئر کر رہا ہے۔
اداکارہ نے ویڈیو پر ابتدائی طور پر تبصرہ کرتے ہوئے تحریر کیا تھا کہ ’بھائی کیوں جھوٹی تسلی دے رہے ہیں آپ اپنے آپ کو؟ آپ کو لگتا ہے کہ آپ جو یہ کر رہے ہیں وہ کول ہے؟ جی نہیں۔‘
کچھ گھنٹوں بعد مرونال نے اسی ویڈیو کو انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ مداح ایک دن اچھی فلموں کی ایڈیٹنگ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ویڈیو دیکھ کر خوشی ہوئی لیکن پھر جب مداح کے پروفائل پر دیکھا کہ اس نے دیگر اداکاراؤں کے ساتھ بھی یہی کیا تو دل ٹوٹ گیا۔
مرونل نے مداح کے فن کی تعریف کی اور کہا کہ وہ دعا کرتی ہیں کہ وہ اپنے ہنر کو صحیح استعمال میں لائے۔