اسرائیلی فوج کی غزہ میں جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے لوگ خوراک، پانی اور طبی امداد سے محروم ہوگئے ہیں، ایسے میں ایک بزرگ فلسطینی شہری کی اپنے پوتوں کو کی گئی دلخراش وصیت سامنے آئی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری اور محاصرے نے غزہ میں بہت بڑا انسانی بحران پیدا کردیا ہے، اس صورتحال میں ایک فلسطینی عطیہ نامی بزرگ جو 1948ء کی نکبہ کے بعد جبالیہ کیمپ میں آباد ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں۔
انہوں نے اپنی زندگی میں دو نکبہ دیکھے۔ پہلے 1948 کا جب انہیں اپنے گاؤں سے بے دخل ہونا پڑا اور اب حالیہ اسرائیلی حملوں کے دوران ان کی زندگی مکمل محاصرے میں گزر گئی۔ وہ بار بار اپنے خاندان کے بچھڑے ہوئے افراد کی یاد میں کھوئے ہوئے نظر آتے تھے، بگڑتی صحت، کمزور ہوتی ہوئی جسمانی حالت اور خوراک و پانی کی عدم دستیابی نے انہیں موت کے مزید قریب کردیا تھا۔