اسرائیلی فوج نے لبنان کا مشرقی شہر بعلبک فضائی بمباری کرکے تباہ کردیا، جس کی تباہی کے ہولناک مناظر بھی سامنے آگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لبنان کا شہر بعلبک ایک سیاحتی علاقہ ہے اور یہاں حزب اللّٰہ کی کوئی موجودگی نہیں ہے۔
اسرائیلی فوج کے حملوں میں تباہ ہونے والا یہ علاقہ کافی خوشحال اور مشہور سیاحتی مقام ہے، جس میں تقریباً 5 لاکھ لوگ آباد ہیں، مگر تازہ مناظر سامنے آنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ علاقہ اب بالکل خالی ہوچکا ہے اور لوگ یہاں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
لبنانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے انسٹاگرام پر ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں گزشتہ رات کے اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد بعلبک شہر کا منظر دکھایا گیا ہے۔
ویڈیوز میں شہر کے علاقے راس العین میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں کی تباہی کو دیکھا جا سکتا ہے، جس کی تصدیق عرب میڈیا نے بھی کی ہے۔
لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملوں سے شہداء کی تعداد 2,897 تک پہنچ گئی، ہے، جبکہ 13,150 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 2,897 افراد شہید اور 13,150 زخمی ہو چکے ہیں۔