کراچی: اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار کو عہدے سے ہٹادیا گیا
کراچی میں اپنے منفرد فیشن سینس کیلئے شہرت کے حامل اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار کو عہدے سے برطرف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے منفرد اسٹائل اور رنگا رنگ لباس پہن کر تصاویر کھنچوانے کے باعث شہرت حاصل کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
ماضی میں فیشن ڈیزائننگ، ماڈلنگ، شاعری اور افسانہ نگاری کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر کو متعدد مرتبہ سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا، ہاظم بنگوار پر تنقید کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی شامل ہیں۔
ہاظم بنگوار کو عہدے سے ہٹائے جانے کے نوٹیفکیشن میں اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کریں۔ واضح رہے کہ ہاظم بنگوار کی والدہ عراق سے تعلق رکھتی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کے والد اکبر علی بنگوار سابق پولیس افسر ہیں جو ڈی آئی جی کے عہدے پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ہاظم بنگوار کو فیشن ڈیزاننگ کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہرت ملی۔