ایرانی حملے میں فضائی حدود کی خلاف ورزی، عراق کی اسرائیل کیخلاف اقوامِ متحدہ میں شکایت درج


حکومتِ عراق نے اسرائیل کے خلاف غیر قانونی طور پر فضائی حدود استعمال کرنے کی شکایت اقوامِ متحدہ میں درج کروا دی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکومتِ عراق نے اپنی شکایت میں اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کرنے کے لیے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

ترجمان عراقی حکومت باسم عوادی کا کہنا ہے کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کو ایران پر حملے کے دوران عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی، جس پر  اسرائیل کے خلاف اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور سلامتی کونسل کو احتجاجی نوٹ بھیج دیا ہے۔

باسم عوادی کا کہنا ہے کہ عراقی وزیرِ اعظم محمد شیاع السوڈانی نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ اس خلاف ورزی کے معاملے میں دو طرفہ حکمتِ عملی کا فریم ورک تیار کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ معاہدے کی شرائط اور امریکا کی سیکیورٹی ضمانت کے تحت، اس خلاف ورزی کے حوالے سے امریکی فریق سے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عراق اسرائیل کے قریبی اتحادی اور سب سے زیادہ ہتھیار فراہم کرنے والے ملک امریکا کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کرے گا۔

واضح رہے کہ 26 اکتوبر کی صبح اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں تہران، خوزستان اور ایلام کے فوجی مراکز پر حملہ کیا، جس میں 2 ایرانی فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں