روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اپنی کوششوں میں مخلص ہے اور روس یوکرین امن مذاکرات کے لیے ایک قابلِ قبول مقام ہو گا۔
ولادیمیر پیوٹن نے ماسکو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی میزبانی میں اگر امن مذکرات ہوتے ہیں تو شرکت کے لیے تیار ہیں لیکن یہ بات واضح رہے کہ پھر بھی بات چیت کا موضوع مقام سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس امن مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن مذاکرات کا موضوع سابقہ مذاکرات پر مبنی ہو گا، بالخصوص اُس معاہدے کے مسودے پر جو ابتدائی طور پر 2022ء میں استنبول میں ہوا تھا، جس سے بعد میں یوکرین پیچھے ہٹ گیا تھا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سعودی عرب نے روس کے یوکرین پر حملے کی اقوامِ متحدہ میں مذمت کے باوجود ایک متوازن مؤقف اپنایا ہوا ہے۔
سعودی عرب کے یوکرین اور روس دونوں کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں اور اس نے دونوں ممالک کے درمیان تنازع کے حل کے لیے آمادگی کا بھی اظہار کیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ولادیمیر پیوٹن نے سعودی عرب کی متوازن نقطۂ نظر کے ساتھ امن مذاکرات کروانے کی صلاحیت کو تسلیم کیا ہے۔