پارلیمنٹ کو بالادستی اور خود مختاری کا حق دلا دیا، مریم نواز


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو بالادستی اور خود مختاری کا حق دلایا ہے، ہم نے سیاست کے بجائے ریاست اور عوام کے مفاد کو ترجیح دی۔

لاہور سے جاری بیان میں مریم نواز نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فضل الرحمان سمیت تمام قائدین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاست نہیں بلکہ ریاست اور عوام کے مفاد کو ترجیح دی ہے، پارلیمنٹ کو بالادستی اور خود مختاری کا حق دلایا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ ترمیم حفاظتی دیوار ہے تا کہ کوئی آئین، پارلیمنٹ، حکومتوں اور اداروں کے وقار سے من مانی نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ 1973کے آئین کی خالق جماعتوں نے ایک بار پھر دستور پاکستان کو بہتر اور مضبوط بنانے کا تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن سے مل کر ہونے والی ترمیم میں عوامی رائے بھی شامل ہے، جس سے عدلیہ کا وقار، ساکھ اور کردار بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے نتیجے میں صرف وہ جج آئیں گے، جو آئین اور عوام کے حقوق کے پاسدار ہوں گے، شہید محترمہ بےنظیر بھٹو اور محمد نواز شریف کے سیاسی وژن کو سلام پیش کرتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں