یحییٰ سنوار کی جائے شہادت جبالیہ کیمپ کی کیا اہمیت ہے؟


حماس کے سیاسی رہنما یحییٰ سنوار کی جائے شہادت جبالیہ کیمپ کی کیا اہمیت ہے؟ اور اسرائیلی فوج نے انہیں کس طرح نشانہ بنایا؟

گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کو شہید کردیا تھا۔

اسرائیلی ذرائع کا کہنا تھا کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت جنوبی غزہ میں رفح علاقہ میں بم باری میں ہوئی، اسرائیلی فوج نے بمباری میں شہید مشتبہ لاش کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا تھا جو مثبت آیا، مکمل تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کو یورپی ملک بھیجا گیا۔

جبالیہ کیمپ  کیا ہے اور یہ اسرائیلی افواج کے ذریعہ کس طرح نشانہ بنایا گیا ہے؟ اس حوالے سے عرب ٹی وی نے تفصیلات جاری کردی ہیں۔

عرب ٹی وی کا کہنا ہے کہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ 1948 میں فلسطینیوں کو ٹھہرانے کے لیے قائم کیا گیا تھا جو نکبہ، یعنی 1948 میں فلسطین کی نسل کشی کے بعد بے گھر ہو گئے تھے۔

اسرائيل نے 14 مئی 1948 کو اپنی آزادی کا اعلان کیا تھا جس کے اگلے ہی روز 15 ماہ تک جاری رہنے والی عرب اسرائیل جنگ کا آغاز ہوا تھا جس کے دوران ساڑھے 7 لاکھ سے زیادہ فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے اور انھیں ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا۔

جبالیہ کیمپ شمالی غزہ میں واقع ہے اور اس کا نام بھی ایک قریبی گاؤں کے نام پر رکھا گیا ہے، یہ غزہ کی پٹی کا سب سے زیادہ آبادی والا پناہ گزین کیمپ تھا اور یہاں اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی انروا (UNRWA) کے زیر انتظام 26  اسکول بھی موجود ہیں۔

غزہ پر اسرائیل کی جنگ کے ابتدائی چند ہفتوں میں اسے اسرائیلی افواج کے ذریعے کئی بار نشانہ بنایا گیا، بشمول ایک اسکول پر حملہ جہاں ہزاروں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔

غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ اس حملے میں 50 سے زائد افراد شہید ہوئے، اور 150 زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ حملہ حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا اور دعویٰ کیا کہ کیمپ کے نیچے “وسیع زیر زمین سرنگ کے کمپلیکس” میں درجنوں لوگ شہید ہوئے۔

دسمبر میں کیمپ پر ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں کم از کم 90 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے نتیجے میں کیمپ تباہ ہو گیا۔

فروری 2024 کے اوائل میں اسرائیلی افواج نے شمالی غزہ کے حصوں سے واپسی اختیار کی اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے شمالی علاقوں میں حماس کو لڑائی کی طاقت کے طور پر ختم کر دیا ہے، تاہم مئی میں اسرائیلی افواج شمالی غزہ میں دوبارہ داخل ہوئیں اور جبالیہ پر دوبارہ حملے شروع کیے۔

جبالیہ کیمپ اس وقت اسرائیلی فوج کے محاصرے میں ہے جسے دو ہفتے ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ  غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 42,500 افراد شہید اور 99,546 زخمی ہو چکے ہیں۔

7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملوں میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک ہوئے اور 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں