پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہم ہرگز انتشاری جماعت نہیں ہیں، انتشار وہ ہے جو آپ ایوانوں میں بیٹھ کر آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ ہم پر سوچا سمجھا منصوبہ بنا کر الزامات لگائے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کی بہو کو اغوا کیا گیا، یہ ملک بھر میں بربریت اور ظلم کی تاریخ ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں الیکشن کے بعد بھی عزتوں کے غیر محفوظ ہونے کی داستانیں سنیں۔ ریاض فتیانہ اور ڈاکٹر زرقا سہروردی کے اہلخانہ کو ہراساں کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اکثریت اس ملک سے باہر جانا چاہ رہی ہے، ریاست کا بنیادی رشتہ شہری کیساتھ تار تار کردیا گیا ہے۔ ظلم اور جبر کی فراوانی ہے۔ جو کچھ اس ملک میں ہو رہا ہے اسے چھپائیں نہیں۔