نویں ہم ایوارڈز میں اداکارہ ماورہ حسین بہترین اداکارہ جب کہ حمزہ سہیل بہترین اداکار 2023 کا ایوارڈ لے اڑے۔
ہم ایوارڈز کی تقریب لندن میں ہوئی، جہاں شوبز ستاروں کی شاندار پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگائے۔
ہم ایوارڈز کی تقریب لندن کے مقامی وقت کے مطابق رات کو 8 بجے کے بعد 28 ستمبر کو شروع ہوئی، جس میں ہم ٹی وی نیٹ ورک پر نشر ہونے والے ڈراموں کے اداکاروں، ہدایت کاروں اور لکھاریوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
تقریب میں ماورہ حسین کو بہترین اداکارہ، حمزہ سہیل کو بہترین اداکار، یمنیٰ زیدی کو 2022 کی بہترین اداکارہ، شاہد شفاعت کو بہترین ہدایت کار، صیفی حسن کو 2022 کے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب میں احد رضا میر اور رمشا خان کو 2022 کی بہترین آن اسکرین جوڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
جبران ناصر کو 2022 اور 2023 کے منفی اداکار کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ ثانیہ سعید امپیکٹ فل کا ایوارڈ لے اڑیں۔
سینیئر اداکار آصف رضا میر کو 2022 اور 2023 کے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا، ممیا شاجعفر بہترین ڈیبیو اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب گئیں جب کہ ساحر باگا کو بہترین اوریجنل سائونڈ ٹریک کا ایوارڈ دیا گیا۔
سامعہ ممتاز کو بہترین معاون اداکارہ، مصطفیٰ آفریدی بہترین ڈراما لکھاری کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ لانگ رننگ سیریل کا ایوارڈ فریب اور بیسٹ پرفارمنگ سوپ کا ایوارڈ فیری ٹیل کو دیا گیا۔
تقریب میں کبریٰ خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور فرحان سعید سمیت دیگر اداکاروں نے شاندار پرفارمنس کرکے تقریب کو چار چاند لگائے۔