انڈونیشیا؛ مٹی کا تودا گرنے سے سونے کی کان دب گئی؛ 15 افراد ہلاک


جکارتا: انڈونیشیا میں سونے کی ایک غیر قانونی کان پر مٹی کا بڑا تودا گر گیا جس میں 20 سے زائد افراد دب گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے مغربی صوبے سماٹرا میں شدید بارشوں کے بعد پیش آیا۔ تودا گرنے کے وقت وہاں 20 سے زائد افراد سونے کی تلاش میں مصروف تھے۔

امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 15 افراد کی لاشیں نکالی گئیں جب کہ اب بھی 7 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔

موسم کی خرابی کے باعث امدادی کاموں کو روکنا پڑا ہے۔ غیر قانونی کان ہونے کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئی تھیں۔

معدنی وسائل سے مالا مال انڈونیشیا میں ایسی کئی غیر قانونی کانیں موجود ہیں جو دور دراز علاقوں میں ہونے کی وجہ سے حکام کی نظروں سے اوجھل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں