کراچی: ملک کے ائیر پورٹس پر ای گیٹس تنصیب کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا اور منصوبے کے ٹینڈر کی تاریخ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل دلچپسی رکھنے والی کمپینیوں سے 13 اگست تک درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملکی بین الاقوامی ائیرپورٹس پرتیزترین امیگریشن کے منصوبے “ای گیٹس” نصب کرنے کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، ای گیٹس منصوبے کے ٹینڈر کی تاریخ میں 10 اکتوبرتک توسیع کردی گئی اور اس حوالے سے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی انتظامیہ نے ٹینڈر تاریخ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اربوں روپے کے ای گیٹس منصوبے میں قلیل وقت کے سبب کسی نے ٹینڈرمیں حصہ نہیں لیا، اسی وجہ سے ای گیٹس منصوبے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔
حکومتی ہدایات کے تحت دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے 13اگست تک درخواستیں طلب کی گئی تھیں، ای گیٹس بارڈرکنٹرول سسٹم پہلے مرحلے میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر نصب ہونے تھے، ای گیٹس لگنے سے مسافروں کو تیزترین امیگریشن سروس مہیا ہوسکے گی۔
ایئرپورٹ پر مسافروں کو پاسپورٹ ای گیٹس پر اسکین کرنے ہوں گے، روایتی طریقہ کارکے برعکس جدید سہولیات کے دوران پرواز پر جانے والے مسافروں کا ائیرپورٹ کے لاؤنج میں داخلے کے بعد نہ صرف امیگریشن میں وقت بچے گا بلکہ لمبی قطاروں سے بھی مسافروں کی جان چھوٹ جائے گی، اسی وجہ سے محکمہ پاسپورٹ نے بھی ای پاسپورٹ کا اجرا شروع کردیا ہے۔