اسرائیلی حملوں میں لیڈرز کی شہادت سے حزب اللہ کمزور نہیں ہوگی، خامنہ ای


تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں اعلیٰ کمانڈرز کی شہادت سے حزب اللہ کمزور نہیں ہوگی اور انہیں اسے گھٹنوں کے بل نہیں لایا جاسکتا۔

غیرملکی خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت للہ خامنہ ای نے فوجی عہدیداروں اور 1980 سے 1988 تک ایران-عراق جنگ میں حصہ لینے والے سابق اہلکاروں سے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ حزب اللہ کے چند مؤثر اور قیمتی اہلکار شہید کردیے گئے ہیں، جس سے بلاشبہ حزب اللہ کو نقصان ہوگا لیکن یہ اس طرح کا نقصان نہیں ہے جس سے گروپ گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور ہو۔

انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کا تنظیمی اور سپاہیوں کی مضبوطی اس سے کہیں زیادہ ہے، ان کی اتھارٹی، صلاحیت اور طاقت ان سے کہیں زیادہ ہے کہ ان شہدا کی وجہ سے کوئی سنجیدہ فرق نہیں پڑے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ حزب اللہ نے تنازع کے شروع سے ہی غزہ کا تحفظ کیاہے، آج تک فتح فلسطینی مزاحمتی تحریک اور حزب اللہ کے مقدر میں ہے اور اس جنگ کی حتمی جیت بھی مزاحمتی تحریک اور حزب اللہ کی ہوگی۔

خیال رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی گزشتہ 7 اکتوبر کو حماس کے جواب میں اسرائیل کی غزہ پر مسلط کی گئی وحشیانہ جنگ کے آغاز سے جاری ہے اور کئی افراد شہید ہوچکے ہیں۔

تاہم حزب اللہ کے ساتھ اسرائیل کی کشیدگی میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈرامائی انداز میں اضافہ ہوگیا ہے جہاں حزب اللہ کے مواصلاتی نظام کو نشانہ بناتے ہوئے ڈیوائسز پر حملے کیے گئے تھے اور اس کے نتیجے میں 39 افراد شہید اور 3 ہزار زخمی ہوگئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں