اٹلی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار ہریتھک روشن اس وقت اپنی آنے والی فلم ’وار 2‘ کی شوٹنگ اٹلی میں کر رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے سوشل میڈیا پر سیٹ کے پیچھے کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے، جس میں وہ سرسبز اٹلی کے مناظر کی طرف پیٹھ کیے کھڑے ہیں۔
اس تصویر نے ان کے مداحوں اور انڈسٹری کے افراد کی توجہ حاصل کی ہے، خاص طور پر ان کی گرل فرینڈ، اداکارہ اور موسیقار سبا آزاد نے محبت بھرا تبصرہ کیا: ’میری محبت۔‘
اس تصویر کے علاوہ ’وار 2‘ کی شوٹنگ کے کئی ویڈیوز بھی منظر عام پر آئے ہیں، جن میں اداکار کو سفید شرٹ، سیاہ ہاف جیکٹ اور سفید پینٹ میں دیکھا گیا، وہ اس دوران اسکرپٹ پڑھنے میں مگن نظر آئے۔ فلم کے ہدایتکار ایان مکرجی کو بھی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا
مداح اس فلم کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، اور اٹلی میں سیٹ سے آنے والی ان جھلکیوں نے ان کی بے تابی کو اور بھی بڑھا دیا ہے۔
’وار 2‘ 2019 کی بلاک بسٹر فلم کا سیکوئل ہے اور اس بار فلم میں جونیئر این ٹی آر ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ کیارا ایڈوانی بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔