پریتی جھانگیانی نے کار حادثے کے بعد آئی سی یو میں داخل شوہر کی حالت بتا دی


بالی ووڈ اداکارہ پریتی جھانگیانی نے کار حادثے کے بعد آئی سی یو میں داخل اپنے شوہر کی حالت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 44 سالہ پریتی جھانگیانی کے شوہر و اداکار 50 سالہ پروِن ڈباس کو ہفتے کی صبح کار حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ممبئی کے اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔

اب پریتی جھانگیانی نے اپنے شوہر کی صحت کے بارے میں ایک تازہ ترین بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پروِن ڈباس کو چکر آنا، دھندلا پن، غنودگی اور متلی کی علامات ہیں، وہ زیادہ بول بھی نہیں پا رہے البتہ ان کی میڈیکل رپورٹس صحیح ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ پروِن ڈباس مزید ایک ہفتہ اسپتال میں رہیں گے اور انہیں جلد آئی سی یو سے باہر وارڈ میں منتقل کر دیا جائے گا۔

پریتی جھانگیانی نے کہا کہ ہم 3 دن میں ایک اور سی ٹی اسکین کرائیں گے، یہ حادثہ ایک صدمہ ہے، ہم اب بھی اس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے حادثے سے متعلق بتایا کہ پروِن ڈباس رات بھر کام کرنے کے بعد صبح سویرے گاڑی چلا رہے تھے، دوسری گاڑی کی ہیڈ لائٹس کی وجہ سے گاڑی ٹکرائی، خوش قسمتی سے حادثہ اسپتال کے قریب پیش آیا تھا اور دو لڑکے انہیں اسپتال لے آئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد اس بارے میں قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ اداکار شراب کے نشے میں تھے۔

ان افواہوں کے بارے میں پریتی جھانگیانی نے واضح کیا کہ اس سے متعلق ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کے نتائج منفی آئے تھے جس سے نشے میں ڈرائیونگ کا امکان رد ہوگیا تھا، وہ شراب پی کر گاڑی نہیں چلا رہے تھے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پولیس رپورٹ میں بھی اس افواہ کو مسترد کر دیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں