لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک ڈی جی آئی ایس آئی تعینات


لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کر دیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک 30 ستمبر کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے، وہ اس وقت جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ایڈجوٹینٹ جنرل کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں جب کہ وہ اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کر چکے ہیں۔

اِس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں۔

واضح رہے کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔

1988 میں کمیشن حاصل کرنے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کور کمانڈر کراچی بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے کرم ایجنسی میں ایک بریگیڈ کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کو بھی کمانڈ کیا ہے۔

دسمبر 2020 میں کور کمانڈر کراچی بننے سے قبل وہ کوئٹہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے کمانڈنٹ بھی رہ چکے ہیں۔

ان کا بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرر حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان تین ہفتے کے مبینہ تعطل کے بعد عمل میں آیا تھا۔

یاد رہے کہ سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور بنائے جانے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو نیا آئی ایس آئی چیف تعینات کیا گیا تھا۔

تاہم وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے کہ وجہ سے سول اور ملٹری قیادت کے درمیان کشیدگی کا ابہام پیدا ہوگیا تھا۔

دفاعی امور کے ماہرین کے مطابق، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا طریقہ کار نہ تو آئین میں اور نہ ہی آرمی ایکٹ میں درج ہے اور تمام سابقہ تقرریاں روایات کے مطابق کی گئیں جس کے تحت آرمی چیف وزیر اعظم کو تین نام تجویز کرتے ہیں جو پھر حتمی فیصلہ کرتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں