واشنگٹن: امریکی صدارتی الیکشن میں ریپبلکن جماعت کے امیدوار 78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کملا ہیرس سے شکست کی صورت میں آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں شکست کی صورت میں اپنی آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق کھل کر بات کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ الیکشن میں جوبائیڈن سے شکست پر ٹرمپ نے انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا اور ووٹرز سے اشتعال انگیز خطاب کیا تھا جس کے بعد ان کے حامی کیپیٹل ہل پر چڑھ دوڑے تھے جس میں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔
تاہم اس بار ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کا ہے اگر وہ 5 نومبر کے صدارتی انتخابات میں ہار گئے تو 4 سال بعد 2028 میں ہونے والے اگلے صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرلیں گے۔
خیال رہے کی اپوزیشن جماعت ریپبلکن نے حالیہ مہینوں میں کئی بار واضح طور پر انتخابات کے نتائج کو غیر مشروط طور پر تسلیم کرنے کا عہد کرنے سے انکار کیا ہے۔